نئی دہلی ، 14؍اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )ای وی ایم معاملے میں اب اروند کیجریوال کو یوپی الیکشن کمیشن کا ساتھ ملا ہے۔دراصل، اتر پردیش الیکشن کمیشن نے مرکزی الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر کہا ہے کہ ریاست میں مئی میں ہونے والے مقامی بلدیاتی انتخابات کے لیے اس کو 2006کے بعد کی ووٹنگ مشینیں مہیا کروائی جائیں اور ایسا ممکن نہ ہو تو بیلٹ پیپر سے الیکشن کروائے جائیں۔اسے لے کر اروند کیجریوال نے ٹوئٹ کیا ہے کہ مجھے خوشی ہے کہ یوپی الیکشن کمیشن نے اس معاملے پر قدم اٹھایاہے ، مجھے امید ہے کہ دہلی الیکشن کمیشن بھی ایسا ہی کرے گا۔غور طلب ہے کہ ایم سی ڈی انتخابات سے قبل راجوری گارڈن ضمنی انتخاب کا نتیجہ عام آدمی پارٹی کے لیے کسی جھٹکے سے کم نہیں تھا۔ایسے میں اس خبر نے اروند کیجریوال کو تھوڑی راحت ضرور دی ہوگی ، کم از کم ان کا ٹوئٹ تو یہی کہتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ ریاستی الیکشن کمشنر ایس کے اگروال نے بتایاکہ میری چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی سے بات ہوئی ہے اور میں نے ان سے اپیل کی ہے کہ الیکشن کمیشن نئی ای وی ایم (الیکٹرانک ووٹنگ مشین)مہیا کرائے ، جو ٹھیک ٹھاک حالت میں ہوں ورنہ مقامی بلدیاتی انتخابات بیلٹ پیپر کے ذریعے کرانے کی اجازت ملنی چاہیے ہے۔